ڈونلڈٹرمپ نے ذاتی ویب سائٹ پر پیغامات جاری کرنا شروع کردیئے

واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذاتی ویب سائٹ پر اپنے پیغامات جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر سوشل میڈیا پر پابندی برقرار رکھے جانے کے بعد وہ اپنی ذاتی ویب سائٹ پر پیغامات جاری کرنے لگے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹرمپ پر سوشل میڈیا کی پابندی برقرار رکھے جانے کے فیصلے پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے، ری پبلکن سینیٹرز نے سابق امریکی صدر پر پابندی کو بد تر فیصلہ قرار دے دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز فیس بک، ٹویٹر اور انسٹاگرام نے سابق صدر پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا، پابندی کا فیصلہ فیس بک کے تشکیل کردہ بورڈ ارکان نے کیا، ٹرمپ پر پابندی 6 جنوری کو حامیوں کی جانب سے کانگریس پر حملے کے بعد لگائی گئی تھی، فیس بک بورڈ کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے اپنی پوسٹس سے حامیوں کو تشدد پر اکسایا، اور تشدد کا ممکنہ ماحول تشکیل دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں