آمنہ چانڈیو کے ورثاء کو ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ صادق میمن

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے کہا ہے کہ پولیس کی بروقت کارروائی کی بناء پر آمنہ چانڈیو کی نعش کی بیحرمتی کرنے والا سفاک درندہ اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے اور اس قسم کے گھناؤنے فعل میں ملوث ہونے والے یاد رکھیں کہ وہ اللہ پاک کے قہر سے کبھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے ٹھٹھہ کے گاؤں اشرف چانڈیو پہنچ کر
آمنہ چانڈیو کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہی۔ واضح رہے کہ 14 سالہ بچی آمنہ چانڈیو کی لاش کی بیحرمتی کا واقعہ ہوا ہے۔ صادق علی میمن نے مزید کہا کہ
یہ انتہائی افسوناک اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو جیسے ہی اس المناک واقعہ کی اطلاع ملی تھی تو انہوں نے اس گھناؤنے فعل میں ملوث ملزم کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایات دی تھیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے کہا کہ آمنہ چانڈیو کے ورثاء کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سے مالی معاونت کی بھی درخواست کروں گا تاکہ اسی دکھی خاندان کے دکھوں کا کچھ مداوا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات روکنے کے لئے معاشرے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا اور ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو اس قسم کے واقعات میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں