سندھ حکومت نے موبائل جیٹنگ ٹرک واٹربورڈ کے حوالے کردیئے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جشن آزادی کے موقع پر سندھ حکومت نے عالمی بینک کے تعاون سے 652 ملین روپے (65 کروڑ 20 لاکھ روپے)کے 28 سیوریج سکشن اور موبائل جیٹنگ ٹرک واٹر بورڈ کے حوالے کردیے، مزید 38 ٹرک جلد واٹر بورڈ کے سپرد کئے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ٹر کوں کی چابیاں ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان کے حوالے کیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی واٹر سیوریج سروسز امپرومنٹ پروجیکٹ سید صلاح الدین احمد، ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر اور دیگر بھی موجود تھے، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ایم این اے قادر خان مندوخیل نے بھی تقریب میں شرکت کی-ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خطاب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ واٹر بورڈ کو عالمی بینک کے تعاون سے 28 گاڑیاں ملی ہیں، جس سے شہر کے سیوریج نظام میں بہتری آئے گی، یہ پہلا مرحلہ ہے، اگلے مرحلے میں مزید 38 گاڑیاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو کراچی کے مسائل فوری حل کرنے کا ٹاسک دیا ہے، مجھے پوری امید ہے کراچی کے اسٹیک ہولڈرز اور شہری ایڈمنسٹریٹر کراچی کے ہاتھ مضبوط کرینگے، ایم کیو ایم، پی ایس پی، جماعت اسلامی و دیگر اسٹیک ہولڈرز آئیں اور مل کر کام کریں، ہم سب کو کراچی میں بہتری لانی ہے اور بہتری تب ہی ممکن ہو گی جب ہم سب اپنا حصہ ڈالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی سورس بڑھانے کے لئے متعدد منصوبوں کا آغاز کردیا ہے ، بہت جلد کراچی کا پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں