افغانستان کی بدلتی صورتحال پرپی آئی اے کی پروازیں معطل کردی گئیں

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے کی کابل جانے والی پروازوں میں تاخیر کے باعث معطل کردیا گیا ہے۔مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کی خاطر پروازیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ہیں، یہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوایشن سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ملک چھوڑ کر جانے والوں کارش لگاہواہےجبکہ کابل ایئرپورٹ پر کوئی سیکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق کابل ایئرپورٹ پرامیگریشن اور مسافروں کے سامان کی چیکنگ کیلئے عملہ بھی موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے جہازوں اور عملہ کیلئے مشکلات پیش آسکتی ہیں، بغیر چیکنگ مسافروں کو جہاز میں سوار کرانا سیکیورٹی رسک ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے نے تین پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا تھا، غیرمتوقع تبدیلی کے باعث سیکڑوں پاکستانی شہری کابل میں پھنسے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان کے دارالحکومت میں داخلے کے بعد غیریقینی کی صورت حال کے پیش نظر کابل انتظامیہ نے ‏پی آئی اے حکام کو خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں