ترقیاتی منصوبے میں تاخیر،تحقیقیات کرنیکی ہدایت کردی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ترقیاتی منصوبے میں تاخیر کی شکایت پر صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز نے سیکریٹری کو متعلقہ انجینئرز سے فوری تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی۔ جاری ترقیاتی اسکیموں کی کارکردگی جانچنے کے لیے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کے دوران صوبائی وزیر سید ضیا عباس شاہ نے کہا ہے کہ تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں معیاری مٹیریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد عوامی نمائندوں اور محکمہ کے مابین رابطوں کو مزید بہتر بنانا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے، عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانا ہمارا مشن ہے، اس ضمن میں ترقیاتی منصوبوں کو عوامی مفاد میں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن اسکیموں کے 100 فیصد فنڈز ریلیز ہوگئے ہیں ان منصوبوں کو ہر صورت 15 ستمبر 2021 تک مکمل کیا جائے جبکہ ان اسکیموں کو جن کے 50 فیصد فنڈز ریلیز ہوگئے ہیں ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے حتمی تاریخ 31 دسمبر 2021 ہو گی، اس کے علاوہ ان اسکیموں جن کے ابھی تک 25 فیصد سے زائد فنڈز ریلیز ہوگئے ہیں ان کو ہر صورت 31 مارچ 2022 تک مکمل کیا جائے۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں منظور ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا بھی جلد آغاز کیا جائے، میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام مراحل مکمل کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں