خصوصی افراد کی پیشہ ورانہ تربیت،تعلیم اوربحالی پرتوجہ دی ہے،پرویز سیہڑ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی سیکریٹری برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ پرویز احمد سیہڑ نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی پیشہ وارانہ تربیت ، تعلیم اور بحالی پر توجہ دینا ہمارا اولین فرض ہے اور ہم اپنے اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ پرسنز ڈس ایبیلٹی پروٹیکشن اتھارٹی غلام نبی نظامانی اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں معیار تعلیم اور دیگر بحالی کی سہولیات کو بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ پرسنز ڈس ایبیلٹی پروٹیکشن اتھارٹی غلام نبی نظامانی نے سیکرٹری محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ کو اتھارٹی کی پیش رفت اور اس سے حاصل کردہ اہداف کے بارے میں آگاہ کیا۔ صوبائی سیکرٹری پرویز احمد سیہڑ نے سندھ پرسنز ڈس ایبیلٹی پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں