مواچھ گوٹھ دھماکہ،نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پولیس نےبلدیہ ٹاؤن کےمواچھ گوٹھ میں دھماکےکامقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف درج کرلیا ، مقدمے میں دہشت گردی،ایکسپلوزوایکٹ، قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے مواچھ گوٹھ میں دھماکےکا مقدمہ 3 روز بعد درج کرلیا گیا ، مقدمہ معراج محمد خان کی مدعیت میں تھانہ مدینہ کالونی میں درج کیا گیا ، مقدمے میں دہشت گردی ، ایکسپلوزوایکٹ، قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے ، مقدمے میں مدعی نے مؤقف میں کہا ہے کہ ہم بچی کی شادی کرکے واپس آرہے تھے تو حملہ کیا گیا، معراج محمد خان حادثے کا شکار ہونے والےخاندان کےسربراہ ہیں۔سوات میں کراچی میں ٹرک دھماکے واقعے کے خلاف احتجاج ہوا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کراچی میں سوات کے13افراددہشت گردی کا نشانہ بنے، حکومت شہیدوں کےقاتلوں کوفوری گرفتارکرے۔یاد رہے 3روز قبل مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملے میں دو بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، ایس پی بلدیہ نے بتایا تھا کہ گاڑی میں بیس سے پچیس افراد سوار تھے،خواتین اوربچوں کی تعداد زیادہ تھی، متاثرہ خاندان لانڈھی شیرپاؤ کالونی کا رہائشی ہے جو کہ شادی کی تقریب سےواپس آرہےتھے کہ بلدیہ مواچھ موڑپر موٹر سائیکل سوار نےکریکر پھینکا، واقعے کے بعد منی ٹرک کےڈرائیورکوحراست میں لے لیا ہے۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹرجنرل(آئی جی) کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ مواچھ گوٹھ دھماکےکی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں، گاڑی کے عقب میں فیملی سوار تھی، فیملی کا تعلق سوات سے ہے، ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں، 14اگست کے حوالے سے دہشت گردی کی اطلاعات تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں