مہران ٹاؤن پرعدالتی احکامات پرکارروائی ہورہی ہے،ناصر حسین شاہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) زیر بلدیات و لیبر سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مہران ٹاؤن میں کوئی زیادتی نہیں ہوگی، عدالت کے احکامات پر تمام کارروائی ہو رہی ہے حکومت اس معاملے میں شامل نہیں بلکہ سرکاری اداروں کے سربراہان ، افسران اور ملازمین پر ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں بہت سے ملازمین اس میں نامزد ہیں۔ حکومت کی نیت صاف ہے ، ہم کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سالانہ عشائیہ کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، سبکدوش ہونے والے صدر سلیم الزماں، نو منتخب صدر سلمان اسلم، کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا، یو بی جی کے صدر زبیر طفیل، خالد تواب، نجمی عالم، ڈی سی کورنگی سلیم اللہ اوڈھو، کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی، فرحان الرحمان،زاہد سعید، شیخ عمر ریحان، دانش خان ،ذکی شریف، نگہت اعوان، ماہین سلمان، فرخ قندھاری، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ سمیت دیگر ممبران اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خاص ہدایت ہے کہ بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنی ہیں۔ تاہم حکومت کو بھی مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے سالڈ ویسٹ پر کئی سالوں بعد اب جاکر مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں، اس کے بعد کراچی کے تمام ڈسٹرکٹس کے معاہدے ہوئے، اس سے پہلے کانٹریکٹ نہیں تھے، اور امید ہے کہ اکتوبر کے اختتام تک کراچی سے کچرا اٹھنا شروع ہوجائے گا جس کے بعد جگہ جگہ کچرے کی شکایت ختم ہوجائے گی۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل میں بھرپور کام کر رہی ہے متعدد پروجیکٹ بروقت مکمل کئے جبکہ بیشتر پروجیکٹس پر ابھی کام جاری ہے جن میں ملیر ایکسپریس وے بھی شامل ہے۔ واٹر بورڈ کے نائب چیئرمین نجمی عالم کو چیئرمین پیپلز پارٹی نے خاص ہدایت دیں۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ پانی کیلئے K4 کے علاوہ بھی منصوبے ہیں جنہیں بہتر کر رہے ہیں، ڈی سیلینیشن کو بہتر کر رہے ہیں اور ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ آگےآئیں اور لائسنس لیں تاکہ تھرڈ پارٹی کو بیچ میں سے نکالا جائے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایس ایم منیر بھائی جان کی ہدایت پر جلد کاٹی کا دورہ کروں گا۔ انہوں نے کاٹی کی جانب سے گرین بیلٹ پر ہونے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ اس سے قبل کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے خطاب میں کہا کہ سلیم الزماںاور ان کی ٹیم نے کاٹی کی بے لوث خدمت کی وہ کامیاب ترین صدر رہے ہیں۔ کاٹی صنعتوں کیلئے بہت کام کر رہی ہے، کراچی کے صنعتی علاقوں میں کاٹی سب سے بڑی ایسو سی ایشن ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ کاٹی پاکستان کی واحد ایسو سی ایشن ہے جس میں خواتین کو سربراہی کا بھرپور موقع ملتا ہے۔ ماہین سلمان اور نگہت اعوان اس کی بہترین مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چند روز میں بیرون ملک روانہ ہو جاؤں گا تو میری غیر موجودگی میں کاٹی کیلئے زبیر چھایا جبکہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل قائم مقام سرپرست اعلیٰ مقرر رہیں گے۔ تقریب سے کاٹی کے سبکدوش ہونے والے صدر سلیم الزماں نے خطاب میں کہا کہ ایس ایم منیر کی قیادت میں کاٹی نے ترقی کی منازلیں طے کیں وہ ہماری کارکردگی کا کڑا احتساب رکھتے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ انڈسٹری کی بات کی، اور یقین ہے کہ انڈسٹری چلے گی تو لوگوں کو روزگار ملے گا۔ کاٹی کے صدر کا عہدہ سنبھالتے ہوئے بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا ۔ سی ای او کائیٹ زبیر چھایا نے بھرپور سپورٹ کیا، سینئر نائب صدر ذکی شریف اور نائب صدر نگہت اعوان نے ہر کام میں میرا ساتھ دیا۔ ایک سال میں کاٹی ممبران کی 1010 شکایات موصول ہوئیں جن میں 97.7 فیصد کو دور کرایا۔ مختلف اداروں کے سربراہان اور بیورو کریٹس کو دعوت دی، تقریباً 150 سے زائد پروگرام منعقد کئے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ کورونا کے دوران کاٹی کے بھرپور کام کیا، ویکسی نیشن سیٹر قائم کیا جس سے اب تک 80ہزار سے زائد لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔ حکومت کے تعاون سے فائر اسٹیشن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ملک کے دیگر صوبوں کی طرح کم سے کم اجرت 20 ہزار مقرر کرے کیونکہ اضافی اجرت ادا کرنے کی صنعتیں متحمل نہیں۔ سلیم الزماں نے نو منتخب صدر کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہران ٹاؤن کا مقدمہ لایا ہوں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری ہیں ، کراچی میں مجموعی طور پر 2 لاکھ سے زائد کاٹیج انڈسٹری کام کر رہی ہیں جو معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ مہران ٹاؤن کا واقع بہت بڑا سانحہ ہے لیکن کچھ لوگوں کی غلطی پر مزدور طبقہ اور ملازمین کو بار بار سزا نہیں دی جانی چاہیے۔ ایس بی سی اے نے 1401 پلاٹوں کی لیز منسوخ کردی ، اور خدشہ ہے کہ جلدانڈسٹری بھی توڑ دی جائے گی۔ زبیر چھایا نے کہا کہ اس طرح کراچی کے پوش علاقوں میں قائم دفاتر کو بھی توڑا جائے، رہائشی علاقوں میں قائم اسکولوں کی بھی لیز منسوخ کی جائے، حکومت اس طرح توڑنے لگی تو پورا کراچی ٹوٹ جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی حکومت کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہے، سابق صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کو ایڈوائزر بنائیں تاکہ حکومت اور صنعتکاروں کے درمیان مشاورت کا راستہ کھلے۔ تقریب سے کاٹی کے نو منتخب صدر سلمان اسلم نے خطاب میں کہا کہ ایس ایم منیربھائی جان اور دیگر ممبران کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس عہدے کیلئے منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنے سینئر سے مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کروں۔ سلمان اسلم نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بہت مسائل ہیں جن میں گیس، پانی اور تنخواہیں سر فہرست ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کاٹی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔جبکہ کا ٹی کے 50 سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں