اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ’’اقبال پاکستان‘‘ کانفرنس

بہاولپور:(ایچ آر این ڈبلیو )شعبہ فارسی، اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام دوروزہ”اقبالِ پاکستان” کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب(تمغہ امتیاز) وائس چانسلر اسلامیہ یونی ورسٹی کی زیر سرپرستی، شعبہ زبان و ادبیات فارسی کے زیر اہتمام علامہ اقبال کی حوالے سے 11،12 اکتوبر کو دو روزہ قومی آن لائن کانفرنس کا انعقادکیا جا رہا ہے۔ مذکورہ اقبال پاکستان کانفرنس دو مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں نامور اقبال شناس اپنے عالمانہ مقالات پیش کریں گے اور دوسرے مرحلے میں اقبال اکیڈمی اور شعبہ فارسی کے تعاون سے ان مقالات کو ایک مجموعہ مقالات بنام ” اقبال پاکستان” کی صورت میں شائع کروایا جائے گا۔
یونیورسٹی کا اعزاز ہے کہ اس کانفرنس میں ملک کے ممتازماہرین اقبالیات ڈاکٹر اکرم شاہ اکرام، ڈاکٹر خورشید رضوی، ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ڈاکٹر ایوب صابر، ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا،ڈاکٹر تحسین فراقی، ڈاکٹر وحید الزمان طارق، ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈاکٹر معین نظامی،ڈاکٹر شاہد اقبال کامران، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین،ڈاکٹر عبدالروف رفیقی، ڈاکٹر شفیق احمد، ڈاکٹر روزینہ انجم اور دیگر نامور اساتذہ کرام اپنے مقالات پیش کریں گے۔کانفرنس کا انعقاد یونیورسٹی کے ویڈیوکانفرنس ہال میں کیا جائے گا،جہاں شعبہ فارسی کے اساتذہ اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، محبان اقبال کو خوش آمدید کہیں گے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب بذات خود محب اقبال ہیں اورفکرِ اقبال سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں، لہذا ان کی زیر سرپرستی یہ کانفرنس،اسلامیہ یونیورسٹی کی جانب سے اقبال شناسی کے ضمن میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں