انشورنس کی رقم ہتھیانے کیلئے موت کا ڈرامہ رچانے والاگرفتارہوگیا

بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)ایک شخص نے انشورنس کی خطیر رقم حاصل کرنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا لیکن جلد ہی اس کا بھانڈا پھوٹ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ ریاست مہاراشٹر کے ایک گاؤں میں پیش آیا، پربھاکر نامی یہ شخص 20 سال سے امریکا میں رہائش پذیر تھا اور اسی سال جنوری میں واپس بھارت منتقل ہوا تھا۔پربھاکر نے اپنی 50 لاکھ ڈالر(87 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی انشورنس کروا رکھی تھی اور اسے حاصل کرنے کے لیے اس نے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا۔اپریل میں مقامی پولیس کو سرکاری اسپتال کی جانب سے ایک شخص کے سانپ کے کاٹنے سے موت کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس کے مطابق دو افراد نےاس لاش کی شناخت پربھاکرکےنام سےکی جن میں سےایک نےخود کواس کا بھانجا بتایا جبکہ دوسرا اسی گاؤں کارہنےوالا تھا۔بعد ازاں انشورنس کمپنی نے پربھاکر کی موت کی تحقیق کے لیے اپنا نمائندہ بھیجا جو پولیس کو ساتھ لے کر پربھاکر کے گھر پہنچا۔پولیس نے پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے سانپ کے کاٹنے کے کسی واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ روز انہوں نے اس کے گھر کے باہر ایمبولینس ضرور دیکھی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں