شوریٰ ہمدرد کےاراکین کاڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گزشتہ روز ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقدہ شوریٰ ہمدرد کراچی کے اجلاس بہ عنوان’’بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا‘‘ میں اراکین شوریٰ نے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر شوریٰ ہمدرد کراچی جسٹس ریٹائرڈ حاذق الخیری نے کی۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے بھی اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی۔جسٹس (ر) حاذق الخیری نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ ملک کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے بانی ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک ثابت قدم ، ایمان دار اور مخلص انسان تھے جن کی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اُن کا انتقال پوری قوم کے لیے عظیم نقصان ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان نے ایٹمی دھماکہ کیا تھا تو اُس وقت پوری مسلم دنیا میں جشن کا سما ءتھا کیونکہ پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ملک بنا جس نے جوہری طاقت ہونے کا درجہ حاصل کیا۔ مسلم ممالک کے لوگ پاکستانیوں کو رو ک کر مبارک باد دے رہے تھے ۔ پاکستانیوں کے لیے یہ قابل فخر لمحہ ڈاکٹر قدیر کی وجہ سے ممکن ہوا۔اجلاس کے مہمان مقرر سلطان احمد چاولہ نے کہا کہ بہ طور نیوکلیئر سائنسدان اور متحرک سماجی کارکن ، اُن کی خدمات کو یاد کرنا اعزاز کی بات ہے۔ اُن کا وژن اور لیڈر شپ ہمیشہ ملک و قوم کی راہنمائی کرے گی۔ وہ بے غرض، منکسر المزاج شخصیت کے مالک تھے۔ وہ حکمت اور سخت محنت کا منبع تھے۔عبدالحسیب خان نے کہا کہ ۲۱ویں صدی میں بہت کم پاکستانیو ں کو پوری قوم کی جانب سے ایسی محبت اور احترام نصیب ہوا جیسا ڈاکٹر قدیر نے اپنی حیات میں پایا۔ اس احترام کا سب سے بڑا ثبوت اُن کی سماجی خدمات میں اہل وطن کا بڑھ چڑھ کرحصہ لینا ہے۔ڈاکٹر قدیرایک محب وطن پاکستانی تھے اسی لیے اُنہوں نے نئی نسل میں حب الوطنی بڑھانے کی ہمیشہ کوشش کی۔ اُنہیں یقین تھا کہ ایک دن پاکستان سُپر پاور بن کر اُبھرے گا۔ اسرت اکرم نے کہا کہ وہ غیر معمولی سائنسدان ہونے کے ساتھ ایک نظریاتی پاکستانی اور بہت نفیس انسان تھے۔ ہمارے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اُن کی گراں قدر خدمات ہیں۔ اُن کی حیات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ اُنہوں نے اپنی زندگی پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور باصلاحیت بنانے میں وقف کردی۔ڈاکٹر رضوانہ انصاری نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی خدمات اور پاکستان کے ایٹم بم کے خالق کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ لیکن پوری قوم کے دل میں اُنہوں نے اپنی سادگی، انکساری اور خدمت خلق کے بل بوتے پر جگہ بنائی۔ اس موقع پر اُنہوں نے حکومت وقت پر زور دیا کہ ڈاکٹر قدیر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کے نام پر اسکالر شپس کا اجراء کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں