ویسٹ انڈیز کادورہ پاکستان،فول پروف سیکیورٹی اقدامات،اہلکارتعینات

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پولیس کے سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کی جانب سےویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے سلسلے میں مربوط سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔سیکیورٹی پلان کو عملی جامہ ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں پہنایا گیا جسکی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کی ۔اجلاس میں کمانڈنٹ ایس ایس یوذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، پولیس کے دیگر سینئر افسران، آرمی، رینجرز اور پی سی بی کے عہدیداران اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی،ایئر پورٹ، روٹ، ہوٹلز اور دیگر تمام مقامات پر1500 سے زائد سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکاربشمول800 ایس ایس یو کمانڈوزاور لیڈی کمانڈوزسمیت دیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے، جبکہ ماہرنشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان صورتحال کی نگرانی کے لئے نیشنل اسٹیڈیم پرموجود ہوگی جبکہ تماشائیوں کے لئے پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک شٹل بس سروس فراہم کی جائے گی۔مزید برآں اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزپر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں تیار رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں