ایم کیوایم پاکستان کی اے پی سی میں ڈاکٹرسلیم حیدرکو شرکت کی دعوت

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر کی رہائش گاہ پر ایم کیوایم پاکستان بہادر آباد کے رکن قومی اسمبلی اُسامہ قادری کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈاکٹر سلیم حیدر سے ملاقات کی اور انہیں ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے سندھ حکومت کے متعصبانہ بل کیخلاف کی جانے والی اے پی سی میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی۔ وفد میں رکن صوبائی اسمبلی جاوید حمید، سابق چیئرمین ایسٹ معید انوراور دیگر شامل تھے۔ دعوت لے کر آنے والے وفد سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ کراچی کے مسائل کا حل صرف اور صرف مہاجر صوبے کے حصول میں ممکن ہے ۔ انہوں نے متحدہ کے رہنماؤں کو مشورہ دیا ہے کہ مہاجروں کو مزید گمراہ کرنے کا وقت گزر گیا ہے ، آئیں سب مل کر مہاجر اُمنگوں کے مطابق صوبے کی تحریک شروع کریں کیونکہ اب مہاجروں کے پاس مہاجر صوبے کی جدوجہد شروع کرنے کے سوا کراچی کے مسائل پر دوسرا حل نہیں ۔ قوم کو اعتماد میں لے کر بھرپور عوامی تحریک شروع کی جائے ، قوم انتظار کرتے کرتے مایوس ہورہی ہے جبکہ قیادت کی دعویدار مصلحت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریلیوں، مظاہروں ، پریس کانفرنسوں سے آگے بڑھنا ہوگا ۔ انہوں نے وفد کو اے پی سی کے ایجنڈے میں مہاجر صوبے کو شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ وفد نے ڈاکٹر سلیم حیدر کی تجاویز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان پر غور کرنے پر یقین دلایا ۔ اس موقع پر ایم آئی ٹی کے مرکزی مشاورتی اراکین اعجاز شیخ، رشید کوثر، راشد رضوی، شاہ منیر قادری، ندیم بیگ ، صالح تیموری اور دیگر بھی موجو دتھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں