دوران عدت نکاح کسی صورت جائزنہیں ہے،علامہ غلام غوث بغدادی

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک پا کستان کے رہنما علامہ غلام غوث بغدادی نے کہا کہ دوران عدت نکاح کسی صورت جائز نہیں ہے، عدالت عالیہ کے جج غیر شرعی فیصلے کو واپس لیں،پا کستان میں کو ئی بھی قانون اور فیصلہ قرآن و حدیث سے متصادم نہیں ہو سکتا،شرعی معاملات کو اپنی عقل کے ترازو پر نہیں تولنا چاہیے بلکہ اللہ تعالی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان کردہ طریقہ کار کے مطابق ہی بیان کرنا چاہیے۔توازن و اعتدال اسلام کی خوبی ہے اور یہی اعتدال عقل کے معاملے میں بھی رکھا گیا ہے۔ رہنما ٹی ایل پی علامہ غلام غوث بغدادی نے دوران عدت نکاح متعلق عدالتی فیصلے پر ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ سورہ بقرہ کی آیات نمبر 228 میں بڑے و اضح انداز میں کہا گیا ہے کہ طلاق یا فتہ خواتین تین حیض اپنی عدت مکمل کرنے کے بعد نکاح کر سکتی ہیں،دوران عدت نکاح کرنا باطل ہے،اگر کسی نے دوران عدت نکاح کر لیا تو اسے چاہیے کہ فوراََ جدائی اختیار کر لے، انہوں نے لاہور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ عدت کے حوالے سے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، ورنہ سپریم جو ڈیشل کونسل اس فیصلے کو واپس لے کیونکہ یہ فیصلہ قرآن و حدیث کی نصوص کے خلاف ہے،حکم قرآنی کے مطابق خا تون دوران عدت نکاح نہیں کر سکتی،شر عی معاملات میں عدالت مستند علمائے کرام سے مشورہ لازم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں