سکھرمیں اب ہوگا صاف سکھرمہم کا آغازکردیا گیا

سکھر(ایچ آراین ڈبلیو)سکھرکوسرسبز و صاف ستھرا بنانے کیلئے مہم “اب ہوگا صاف سکھر” کا آغاز کردیا گیا، گلوبل چوک سے آگاہی واک کاانعقاد، طلباء وطالبات سمیت شہریوں کاجم غفیر اپنے شہر سکھر کو صاف کرنے نکل آیا، مشیر وزیر اعلی سندھ و سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنی اہلیہ ڈاکٹر انعم ارسلان کے ہمراہ پودا لگا کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ جمعہ کی صبح گلوبل چوک نزد لب مہران سے مشیر وزیر اعلی سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کی قیادت میں آگاہی واک کی گئی جس میں ایڈمنسٹریٹر سکھر علی رضا انصاری، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، اسسٹنٹ کمشنرز، سمیت علمائے کرام مفتی ابراہیم قادری، علامہ سید عالم شاہ موسوی، اساتذہ، طلباء و طالبات، آئی بی اے، اقلیتی برادری، ڈاکٹرز، وکلاء، صحافی مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے سربراہان، سابق بلدیاتی نمائندے، سکھر چیمبر آف کامرس، تجارتی تنظیمیں، این جی اوز، سیاسی و سماجی رہنمائوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بلدیہ اعلی سکھر کی جانب سے شرکاء میں آگاہی پمفلیٹ تقسیم کئے گئے جبکہ شہریوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے انتظامیہ خصوصا طلباء و طالبات کی جانب سے ہاتھوں میں دستانے پھین کر کچرے کو چننے اور اسے ٹھکانے لگانے کی سرگرمی بھی کی گئی۔ بلدیہ کے عملے کی جانب سے ہیوی اور جدید مشینری کیساتھ شہر کی صفائی کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلی سندھ و سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ ایک باشعور شہری ہونے کے ناطے یہ ہم سب کی ذمہ داری میں شامل ہے کہ ہم اس مہم کو کامیاب بنائیں کیونکہ جب تک ہم خود سے اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا کرنے میں ذاتی دلچسپی نہیں لیں گے صاف و سرسبز سکھر کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا، کھلے مقامات اور بلڈنگز سے کھلے روڈ پر کچرا پھینکنے کی عادت کو ترک کرنا ہوگا، شہری اپنے کوڑے کرکٹ کو ایک جگہ جمع کر کے مخصوص مقامات پر رکھیں، جسطرح ہم اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھتے ہیں اسی طرح اپنے گلی و محلوں کو بھی صاف ستھرا رکھنا ہوگا، ہمیں اپنا کچرا اٹھانے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہئے، ان کا مزید کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے، کلین اینڈ گرین مہم کو ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے، درخت ہی زندگی کی بقاء ہیں، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے درخت ہمیں آکسیجن اور زندگی دیتے ہیں صحت مند اور توانا ماحول کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہیئے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر سکھر علی رضا انصاری، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ سمیت بلدیہ عملے کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سوچنا ہوگا کہ ہم کس طرح اپنے اندازِ زندگی میں معمولی تبدیلی لا کر اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتے ہیں، شجرکاری کرکے اپنا انسانی، اخلاقی، مذہبی اور قومی فریضہ ادا کررہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک خوبصورت صاف ستھرا شہر دے سکیں۔ بعد ازاں سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنی اہلیہ ڈاکٹر انعم ارسلان کے ہمراہ مختلف محکموں و سماجی تنظیموں کی جانب سے لب مہران کے مقام پر لگائے گئے اسٹالوں کا بھی دورہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں