وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلیے مشاورت مکمل کرلی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے دن کا آغاز سب اتحادی قائدین کے گھر جا کر ملاقاتوں سے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی پی پی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی جبکہ مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش پر ملاقات کی۔اسکے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے سردار عطاء اللہ مینگل، ڈاکٹر خالد مگسی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی سے بھی ملاقات کی اور وزیراعظم کے منصب پر اپنی نامزدگی، حمایت میں ووٹ اور تعاون پر فرداً فرداً سب قائدین، راہنماؤں، اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔اتحادی جماعتیں اپنے وزراء کے نام وزیر اعظم کو جلد بھجوا دیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسی جذبے اور باہمی اعتماد سے آگے بڑھیں گے جس کے ذریعے اس منزل تک پہنچیں ہیں۔ اتحاد، مشاورت اور تعاون کے جذبے سے چلیں گے، مل کر مسائل حل اور وعدے پورے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں