اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہبازگل اورشہزاداکبرکا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) ہائیکورٹ نے شہباز گل اورشہزاد اکبرکا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے اوردونوں شخصیات کوہراساں نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے اسٹاپ لسٹ میں نام ڈالنے کے خلاف پی ٹی آئی رہنماؤں شہباز گل اورشہزاد اکبرکی درخواست کی سماعت کی۔ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کے حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ایف آئی اے حکام نے عدالت کوبتایا کہ 8 اپریل کواے ڈی ایمگریشن کوایک خط ملا تھا۔ غیرمعمولی صورتحال کے تناظرمیں ان کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا۔شہزاد اکبراورشہباز گل کیخلاف انکوائریز زیرالتوا ہیں۔ ان پر اختیارات سے تجاوز اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ طریقے بہت پرانے ہو گئے ہیں، شہزاد اکبر اور شہباز گل کے نام اسٹاپ لسٹ سے فوری طور پر نکالے جائیں۔سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ایف آئی اے نے اب تک نام لسٹ سے نہیں نکالا۔ ان سے پوچھ لیں کہ ہم خود ہی اڈیالہ چلے جاتے ہیں، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ آپ جیل جانا چاہتے ہیں؟ شہزاد اکبر نے کہا کہ اگر یہی حالات رہے تو شاید جانا پڑے گا۔اس پر شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل کی حد تک ایسا کوئی بیان نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں