اسلام آباد، ویمن پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا سنگ رکھ دیا گیا

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) اسلام آباد میں ویمن پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ راناثناءاللہ خان نے آئی سی سی پی او اکبر ناصر خاں کے ہمراہ نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نئی عمارت اسٹیٹ آف دی آرٹ اور خواتین کے لیے ہرقسم کی سہولیات سے آراستہ ہوگی۔ افتتاحی تقریب میں سینئر پولیس افسران سمیت خواتین اہلکاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام افسران اور جوانوں نے آئی سی سی پی او کی قیادت میں بھرپور انداز میں کام کیا اور تمام تر بڑی مشکلات کا دلیری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں ،بعض اوقات انتہائی گھمبیر صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن اسلام آباد پولیس نے ہمیشہ پروفیشنل فورس کے طور پر ہر صورت حال کا مقابلہ کیا اور اپنی محنت سے اسلام آباد کا امن و امان بحال رکھا۔