عذیر بلوچ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) انسداد دہشتگردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سربراہ عذیر بلوچ اور مشتاق خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کردیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں لیاری گینگسٹر ارشد پپو سمیت تین افراد کے قتل کیس میں عذیر بلوچ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان عذیر بلوچ اور مشتاق خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔ گواہوں کو بھی بیانات ریکارڈ کروانے کیلیے پیش نہیں کیا جا سکا۔ درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ سماعت پر سنائے جانے کا امکان ہے۔ پولیس کے مطابق ارشد پپو قتل کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ اور ذاکر ڈاڈا سمیت دیگر نامزد ہیں، ملزمان نے 2013 میں لیاری گینگ وار کے اہم کردار ارشد پپو، یاسر عرفات اور شیرا پٹھان کو قتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان پر اغوا اور قتل سمیت دہشتگردی کے الزامات ہیں، ملزمان کے خلاف تھانہ کلاکوٹ میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو آئندہ سماعت پر گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔