کراچی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) شہر قائد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ کورنگی ، ناگن چورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو ہلاک اور 2 کو زخمی کر دیا ۔ زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی چنیوٹ اسپتال کے قریب بدھ کی شب تقریباً 10 بجے فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ مقتول کی شناخت 20 سالہ عرفان مسیح ولد الیاس مسیح کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ او زمان ٹاؤن ضمیر خاور نے بتایا کہ مقتول کورنگی ڈبلیو 22 منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب کا رہائشی تھا اور واقعے کے وقت موٹرسائیکل پر اپنے گھر کی طرف آرہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے روک کر اسلحہ کے زور پر اس سے موبائل فون چھینا۔ ڈاکوؤں نے موبائل فون لینے کے بعد اسے چیک کیا اور لاک کھولنے کے لیے واپس دیا، جس پر عرفان نے موبائل فون لے کر موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگنا شروع کردیا۔ڈاکوؤں نے عرفان پر پیچھے سے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اسپتال اور دیگر مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ جائے وقوع پر دکانداروں اور ٹھیلے والوں سے بھی ملزمان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسرے واقعے میں گبول ٹاؤن کے علاقے شفیق موڑ ناگن پل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 22 سالہ عبد الوصی ولد عرفان احمد کے نام سے کی گئی ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔ علاوہ ازیں شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک کے فاروق اعظم مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ راجا شفقت ولد راجا اسلم کے نام سے کی گئی ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ۔ پولیس تمام واقعات کی تحقیقات کررہی ہے۔