نوجوان اور خواتین عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں پیمان کوآرڈینیٹر

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پیمان کے تحت فافن اور ریجنل ڈیموکریٹک نیٹ ورک کی جانب سے الیکشن 2024کے حوالے سے جاری آگاہی سیمینار کا سلسلہ اپنے اختتامی مراحل طے کرتے ہوئے اختتام پذیر ہوا اس ضمن حیدر آباد میں کراؤن ہوٹل میں آخری سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ صوبے بھر میں جاری اس سلسلے کا آخری پروگر ام مہران ہوٹل میں ہوا۔ اس فورم میں پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، پی سی پی، پی آر ایچ پی، تحریک لبیک، پی ایم اے پی، پی ایم ایم ایل، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور آزاد امیدواروں نے شرکت کی۔ پیمان کوارڈینیٹر افتخار یوسفزئی نے مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس فورم کا مقصد امیدواروں اور رائے دہندگان کو ایک چھتری تلے لانا ہے اور امیدوار اپنا انتخابی منشور شیئر کریں گے اور یہاں موجود سامعین سوالات پوچھیں گے جن میں ٹریڈ یونین، وکلاء برادری, یونیورسٹی کے طلباء، صحافی، ڈاکٹر ایسوسی ایشن، تاجر، ٹرانس جینڈر، سول سوسائٹی، لیبر یونین اور اقلیت. سمیت مختلف معاشرے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فافن اور پیمان ہمیشہ انتخابی عمل میں محروم معاشرے کو آگے لانے کی کوشش کرتے ہیں خاص طور پر خواتین، خواجہ سراؤں اور اقلیتوں کو ووٹرز یا امیدواروں کی حیثیت سے عام انتخابات میں شرکت کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر امیدواروں نے اپنے انتخابی منشور کو مختصر طور پر پیش کیا اورسامعین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب بھی دیا۔