اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پاور شیئرنگ فارمولے پر پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا گیا۔ شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے، رابطوں کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی، اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔ سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے سی ای سی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، شیری رحمان نے بتایا کہ سی ای سی کا اجلاس منگل کو دوبارہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے، رابطوں کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس میں تین اہم باتوں سمیت الیکشن پر تفصیلی گفتگو ہوئی ، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کو مبارکباد دی گئی کہ انہوں نے الیکشن مہم میں جان ڈالی۔ شیری رحمان نے کہا کہ سرفراز بگٹی بلوچستان میں زیادہ متحرک ہوں گے۔ اس موقع پر شازیہ مری نے کہا کہ اجلاس میں الیکشن میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کا ذکر ہوا، جو کچھ الیکشن میں ہوا ہے، ہم اس کا جائزہ لیں گے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق چاروں صوبوں میں تحفظات ہیں۔ اس سے پہلے ذرائع نے پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس سے متعلق بتایا تھا کہ بلاول بھٹو نے ن لیگ سے ملاقات کے حوالے سے سی ای سی اراکین کو آگاہ کیا، جب کہ آصف زرداری نے دیگر جماعتوں سے رابطوں سے آگاہ کیا۔ آصف زرداری نے کہا تھا کہ سندھ میں دیگر جماعتوں کو شمولیت کی دعوت دی جائےگی۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی طرف سےاہم عہدوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ سی ای سی ’اراکین کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے حصول کیلئے باقی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں، اگر بلاول وزیراعظم نہیں بنتے تو اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے‘۔ اجلا س میں حتمی فیصلہ سازی کا اختیار آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی بلوچستان میں حکومت سازی پر امور زیرغور آئے، بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے جے یو آئی ف، بی اے پی سمیت آزاد اراکین سے رابطوں پراتفاق ہوا۔ جب کہ اراکین نے رائے دی کہ ’بلوچستان میں وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہونا چاہیے‘۔ اجلاس میں نیئربخاری، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی ، شازیہ مری، سرفرازبگٹی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ تاج حیدر ، سعیدغنی، مراد علی شاہ ، عبدالقادر پٹیل اور دیگر بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس میں ن لیگ کی تجاویز پیش کی گئیں۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments