پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند، موٹرویز مختلف مقامات سے بند

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹرویز پولیس سید عمران کے مطابق موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا، ایم 3 لاہور سے رجانہ تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی دھند کے باعث ٹریفک روک دی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔ سید عمران کا مزید کہنا تھا کہ دوران سفر آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔