بحریہ یونیورسٹی E-8 کیمپس اسلام آباد میں 26ویں کانووکیشن کا انعقاد

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس E-8 کے 26 کانووکیشن کا انعقاد 2 سے 4 مارچ تک بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپسE-8 میں ہوا۔جس میں متعد د شعبہ جات کے گریجویٹس کی تعلیمی کامیابیوں کی خوشیوں کو منایا گیا۔ کانووکیشن کی 3 روزہ تقریبات میں تعلیمی شعبوں میں کار ہائے نمایاں سر انجام دینے والے افراد کی کاوشوں کو سراہا گیا، ہیومنی ٹیز اینڈ سوشل سائنسز، بز نس اینڈ مینجمنٹ، لاء، سائیکالوجی اینڈ انجینئرنگ اور ایپلا ئیڈ سائنسز کے سٹوڈنٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ ہائیر ایجو کیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی اور وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی نے بطور مہماناں خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز، اور انڈر گریجویٹ ڈگری ہولڈرز کی محنت اور لگن کے اعتراف میں 970 ڈگریاں، 66 گولڈ میڈل اور61 سلور میڈل تقسیم کئے گئے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر ضیا القیوم نے اپنے خطاب میں گریجویٹ ہونے والے تمام سٹوڈنٹس کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سٹوڈنٹس کے مابین باہمی اور مشترکہ کاوشوں اور بحریہ یونیورسٹی فیکلٹی کی لگن اور محنت کو بھی سراہا ۔انہوں نے اساتذہ اور والدین کو بھی مبارکباد دی جن کی مسلسل کوششوں اور معاونت سے بچوں کو تعلیمی سفر میں کامیابیاں ملیں۔ بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ا یڈمرل (ریٹائرڈ) آصف خالق ایچ آئی (ایم) نے سٹوڈنٹس کے مستقبل کو قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک مفید اور کار آمد شہری بن سکیں۔ ریکٹر نے مزید کہا کہ تعلیمی انفراسٹرکچر، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط کے فروغ میں بحریہ یونیورسٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ انتظامات متعدد تعلیمی سہولیات کے عکاس ہیں جس میں تحقیق، سٹوڈنٹس ایکسچینج اور نیڈ بیسڈسکالر شپس شامل ہیں۔ ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر مارشل (ریٹائرڈ) جاوید احمدایچ آئی (ایم) نے گریجویٹ ہونے والے سٹوڈنٹس اور فیکلٹی کوان کی گرانقدرکامیابیوں پر مبارکباد دی۔ وائس چانسلر نے بحریہ یونیورسٹی اور ائیر یونیورسٹی کے مابین اشتراک کے حوالے سے ہونے والی مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بارے میں بھی بتایا جو تعلیمی اور تخلیقی افق پر وسیع تر تحقیقی مواقع، تعلیمی ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ اقدامات کیلئے کارآمد ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) ذکاء الرحمان، ایچ آئی ( ایم ) نے بتایا کہ بحریہ یونیورسٹی کا تدریسی ماڈل طلباء اور طالبات میں تجرباتی تبدل لاتا ہے جس سے وہ تعلیمی پیشہ ورانہ، عقلی، اور ذاتی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مہارتوںمیں سبقت لے جاتے ہیں۔ بحریہ یونیورسٹی کا 26 واں کانووکیشن یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں تعلیمی عزم یعنی قابلیت ، تعلیمی مہارتوں کے فروغ اور رہنمائوں کی مستقبل سازی کا عکاس ہے۔