حیدرآباد کھیلوں کا گہوارہ ہے مربوط حکمت عملی سے ہی کامیابیوں کا گراف مذید اوپر آئے گا، پرویز شیخ

حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) یوم پاکستان کی مناسبت سے حیدرآباد رنگ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام باغ مصطفی گرائونڈ لطیف آباد میں منعقدہ حیدرآباد اور میرپورخاص کے مابین تین میچوں کی رنگ بال سیریز میرپورخاص نے 2-1 سے جیت لی۔ تیسرے اور آخری میچ میں فاتح ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔فاتح ٹیم کی جانب سے منیب باجوہ نے 2 اور جواد مری نے 1 شوٹ کیا جبکہ حیدرآباد کا واحد شوٹ ہاشم نے کیا۔ سیریز کا افتتاح چیئرمین حیدرآباد رنگ بال ایسوسی ایشن احمد نواز نے 23 مارچ کو کیا تھا اور سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی تھی۔ فائنل کے مہمان خصوصی ممبر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن و سیکریٹری حیدرآباد اولمپک اسپورٹس کمیٹی پرویز احمد شیخ تھے جنہیں آرگنائزنگ سیکریٹری سید فاہم علی،کووآرڈینیٹر رمیز راجہ اور ٹیکنیکل آفیشل محمد احسان نے اجرک کے تحائف پیش کیئے. اس موقع پر اپنے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ حیدرآباد ہمیشہ سے ہی کھیلوں کا گہوارہ رہا ہے اور یہاں اور دیگر ڈویژنز سے قومی و بین الاقوامی سطح پر بیشمار کھلاڑی کارنامے انجام دے چکے ہیں اور کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں تعلیم و روزگار کی وجہ سے سکونت کے باعث کھیلوں میں وہاں کی نمائندگی کرتے ہیں۔انکا کہنا ہے کہ سہولیات کی فراہمی اور مربوط حکمت عملی سے ہی ہم یہ خلا پورا کرسکتے ہیں جس سے ہماری کامیابیوں کا گراف مذید اوپر آئے گا۔ انہوں نے بحیثیت چیف ڈی مشن حیدرآباد ڈویژن اٹھارویں سندھ گیمز میں حیدرآباد کو نمایاں پوزیشن دلوانے پر کھلاڑیوں، کوچز اور ایسوسی ایشنز اور حیدرآباد سے آرگنائزنگ کمیٹی میں شامل عائشہ ارم، انیلا مہوش، احمد نواز، رمیز راجہ، محی الدین شیخ، خلیل الرحمن،کنٹنجینٹ آفیشلز عائشہ رزاق، خرم رفیع صدیقی اور سید سلمان جعفری کو مبارکباد دیتے ہوئے بھرپور تعاون کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں پرویز احمد شیخ نے آرگنائزنگ سیکریٹری سید فاہم علی کے ہمراہ ٹرافیاں تقسیم کیں۔