علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام تقریبِ عید ملن کا انعقاد

کراچی (ایچ اراین ڈبلیو) علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام عید ملن تقریب کا انعقادکیا گیا جس کے شرکاء میں سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی، کموڈور (ر) سلیم صدیقی، اے آئی ٹی کی آئی ٹی کمیٹی کے کنوینئر فرخ نظامی،روسائے کلیات، مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے اراکین اور عہدیداران کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ زندگی کے ہر لمحے کو تشکر، صبر اور تحمل سے گزارنے کے روحانی تجربے کا نام خوشی ہے۔عید کی خوشیاں بھی ایک ایسے ہی روحانی تجربے کا انعام ہیں۔عیدالفطر صرف ایک مذہبی تہوار ہی نہیں بلکہ خوشی اور مسرت کے اظہار کا ایک بہت بڑا دن بھی ہے جو ہمیں امن اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے۔آج جب کہ معاشرہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزر رہا ہے، ایسی ناگفتہ بہ صورتحال میں ایسا موقع فراہم ہوجاناکہ احباب باہم اکھٹے بیٹھ کر چند لمحات مسرت کے گزار لیں یقینا ایک انعام سے کم نہیں۔
انھوں نے کہا کہ کساد بازاری کے اس دور میں عام آدمی کے لیئے ضروریاتِ زندگی کو پورا کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔۔اس موقع پر ملازمین کی داد رسی کے لئے چانسلرجاوید انوار نے تنخواہوں کے اسکیل پر نظرِثانی کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔
اِس یادگار موقع پر علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئرانجینئر محمد ارشد خان نے کہا کہ معاشرے میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے۔ہم اپنے اسلاف کی جدوجہد اور کاوشوں کو بھولتے جارہے ہیں۔اختلاف نظریے سے ہونا چاہئے، شخصیت سے نہیں۔ذاتی مفاد اور انا کو ادارے کے مفاد پرترجیح دیناا، ادارے کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ شکوے شکایات افہام و تفہیم سے حل کرنے سے انسان نُقصانات سے محفوظ رہتا ہے۔
قبل ازیں علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل شاہد جمیل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔