امتحانی مراکز کا سامان جاری کرنے کا شیڈول جاری

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 7مئی 2024ء سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات برائے نہم و دہم سائنس و جنرل ریگولر اور پرائیویٹ گروپ کے امتحانی مراکز کے سامان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ناظم امتحانات خالد احسان نے بتایا کہ اسکولوں کے سربراہان یا ان کے مجاز نمائندے اپنے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ مقررہ تاریخوں میں پریکٹیکل سیکشن کمرہ نمبر 47 دوسری منزل بلاکB سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کا لیٹر وصول کرنے کے بعد بورڈ کے ایگزامینشن اسٹور سے صبح 9:30 بجے سے شام 5:00 بجے تک جبکہ ہفتہ،اتوار اور دیگر تعطیلات میں بھی صبح10:00بجے سے سہ پہر 4:00 بجے تک امتحانی مراکز کا سامان اور صرف اپنے اسکولوں کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ متعلقہ سیکشن سے حاصل کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 29اپریل کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی۔ 30اپریل کو لانڈھی، کورنگی، ملیر، بن قاسم، صدر، لیاری، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی اور گڈاپ حاصل کر سکتے ہیں۔ ناظم امتحانات نے بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ بورڈ آفس کی طرف سے صرف قائم کئے جانے والے امتحانی مراکز اپنا امتحانی سامان وصول کرنے کے بعد اپنے اسکولوں کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ متعلقہ سیکشن سے لازمی حاصل کریں۔