ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی کا جامعہ کراچی کے مالی و انتظامی بحران پر تشویش کا اظہار

(ایچ آر این ڈبلیو) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نے جامعہ کراچی کے مالی و انتظامی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے.
اپنے بیان میں‌ ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ جامعہ کراچی میں انجمن اساتذہ گزشتہ کئی روز سے شام کی کلاسز کی ہڑتال پر ہیں کیونکہ انہیں گزشتہ سال بھر سے شام کی کلاسز کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا. اساتذہ اب صبح کی کلاسز پر بھی ہڑتال پر جا رہے ہیں جس سے طلبہ و طالبات کا تعلیمی نقصان ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی کی نیک نامی پر حرف آئے گا.
بیان میں‌ مزید کہا گیا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کی ایمپلائز یونین بھی ہڑتال پر ہے کیونکہ اسے لیو انکیشمنٹ اور دیگر مراعات نہیں دی جا رہیں.
اراکینِ سندھ اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ اور ملازمین کے مطالبات کو حل کیا جائے اور انکے جائز واجبات فوری ادا کیئے جائیں.
بیان میں‌ کہا گیا ہے کہ حکومت جامعہ کراچی کے مالی بحران کو ختم کرنے اور طلبہ و طالبات کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اساتذہ اور ایمپلائز کیلئے جامعہ کراچی کی گرانٹ میں اِضافہ کریں۔