شہید قائدین کا مشن جاری ہے اور جاری رہے گا،ثروت اعجاز قادری

کراچی(ایچ آر این ڈبلیو) پاکستان سنی تحریک کے عارضی مرکز قادری ئوہاس میں پاکستان سنی تحریک رابطہ کمیٹی اور ذمہداران کا ہنگامی اجلاس صدر پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری اور سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کا منشور ذمہداریاں اور کاموں کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
صدر پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ذمہداران اور کارکنان کسی پروپگینڈے میں نہ آئے شہید قائدین کا مشن جاری ہے اور جاری رہے گا۔شر پسند عناصر اور ہماری صفوں میں بیٹھے ہوئے حاسدین ہمارے کام سے اور ہماری خدمت سے پریشان ہو کر ہماری صفوں میں قائم آپسی محبت اور اتحاد کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
مگر یہ سب اپنے منہ کی کھائیں گے ہمیں ایک دوسرے سے کبھی جدا نہ کر پائیں گے۔
ہمارے شہید قائدین نے جو ہماری تربیت کی ہے اس تربیت کے ثمرات اب نظر آنا شروع ہو چکے ہیں۔اس لیے اب ہمیں اور زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے شہید قائدین کے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچا سکیں۔ملک و قوم اور عوام اہلسنت کی تمام ذمہداریاں شہید قائدین کے بعد ہم سب کے کاندھوں پر ہیں۔یہ ذمہداریاں صرف ہماری ذات کی حد تک نہیں بلکہ عوام اہلسنت ملک پاکستان اور پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے تحفظ ناموس اہلبیت و صحابہ کرام اور نظریہ پاکستان کی حفاظت کرنا ہے۔
سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ اسلامی نظام کا نفاذ اور تحفظ ناموس رسالت پاکستان سنی تحریک کے منشور میں شامل ہے۔تحفظ حقوق اہلسنت تحفظ،مساجد اہلسنت،تحفظ مزارات اولیا و تحفظ علمائے اہلسنت ہمارے شہید قائدین کا مشن تھا اور یہی ہمارا بھی مشن ہے۔ہم اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہمیشہ اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چلتے رہے ہیں۔
یہی ہماری کامیابی کی علامت ہے کہ ہم کبھی اس سے پیچھے نہیں ہٹے۔پاکستان میں موجودہ صورتحال کے تناظر کو دیکھتے ہوئے اہلسنت خدمت فانڈیشن اور پاکستان سنی تحریک کی ملک و قوم کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اسی کو خدمت دین اور خدمت انسانیت کہا جاتا ہے۔ہمارے شہید قائدین کا مشن اب تکمیل کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد محبت بھائی چارے کو برقرار رکھتے ہوئے ہر سازش کو ناکام بنانا ہے۔