سندھ فوڈ اتھارٹی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے ضلعی فوڈ ٹیسٹنگ لیب قائم کردی گئی

کراچی۔ (ایچ آراین ڈبلیو) ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سندھ فوڈ اتھارٹی ڈسٹرکٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا۔ لیب کے قیام کا مقصد سینئر فیکلٹی کی نگرانی میں طلباء کے لیے فوڈ پروڈکٹس کی جانچ اور تجربات کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کئے گئے ۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین اور این ای ڈی یونیورسٹی کی جانب سے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی میں فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا کامیاب ماڈل قائم کردیا گیا ہے۔ سندھ کی آٹھ جامعات میں اس ماڈل کی طرز پر فوڈ سائنسز کے شعبے میں لیب قائم کی جارہی ہیں جس سے طلباء کو پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی لیبز کے قیام کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی اور پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی جامعات کے فوڈ سائنسز اور ٹیکنالوجی شعبوں کے درمیان تعاون اور ترقی کا ایک طویل مدتی فریم ورک تیار کرنا ہے۔