دورہ آئر لینڈ اور دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ آئر لینڈ اور دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
قومی سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، عبدالرزاق اور بلال افضل نے پریس کانفرنس کے دوران دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔

پاکستان نے آئرلینڈ اور انگلینڈ سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جبکہ جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے بعد کیا جائے گا۔

آئرلینڈ کے خلاف سیریز 10 سے 14 مئی تک ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز 22 سے 30 مئی تک کھیلی جائے گی۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان 22 مئی کو لیڈز میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد کیا جائے گا اور اسکواڈ کو 18 سے 15 رکنی کر دیا جائے گا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اعلان کی آخری تاریخ 24 مئی ہے۔

دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ آل راؤنڈر حسن علی اور سلمان علی آغا کو 18 رکنی اسکواڈ میں دوبارہ شامل کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ہوم سیریز کے 17 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں شامل اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ بولر زمان خان جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔