نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 35 ویں ایس ایم سی افسران کا سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (این آئی ایم) کراچی کے 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی) کے 38 افسران نے چیف انسٹرکٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ عبدالخالق شیخ کی سربراہی میں انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن سے ملاقات کی اور صوبے میں امن وامان کے حالات اور اس تناظر میں پولیس کے مجموعی امور و اقدامات پر سیر حاصل معلومات سے استفادہ کیا۔اس دورے کا مقصد پولیس کی آپریشنل،انویسٹی گیشنز استعداد کار کا دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے استعمال اور جرائم کے خلاف انکی صلاحیتوں سمیت امن وامان کے نفاذ میں پولیس کی مہارت کا جائزہ لینا تھا، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ زبیر دریشک نے سی پی او میں ایس ایم ایس کے افسران کا پرتپاک استقبال کیا اور انکے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ بعدازاں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ نے ایس ایم سی کے شرکاء کو پولیسنگ کے عمل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور عوام دوست پولیسنگ کی حکمت عملی اور معاشرے پر مرتب ہونے جملہ مثبت اثرات سے افسران کو آگاہ کیا، آئی جی سندھ نے وفد سے بات چیت کے دوران انھیں سندھ پولیس کی جرائم کے خلاف کاروائیوں اور کامیابیوں میں افسران و جوانوں کی جرات مندانہ اقدامات اور اس ضمن میں حکومت سندھ کی جانب سے مکمل سپورٹ اور معاونت کے بارے میں بتایا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی سیف سٹی پروجکٹ صرف کراچی تک محدود نہیں البتہ اس کی شروعات کراچی سے کی جارہی ہے،بعدمیں یہ منصوبہ حیدرآباد، سکھر،میرپورخاص،لاڑکانہ تک پھیلایا جائے گا۔ حکومت سندھ اور سندھ پولیس جرائم کی روک تھام کے لیے کراچی شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر باڑ اور کیمرے لگانے جارہی ہے تاکہ شہرکوامدرونی اور بیرونی طورپرمحفوظ بنایا جاسکے، انہوں نے مزیدکہا کہ سندھ پولیس اسٹریٹ کرائم اور جرائم میں ملوث افرادکے خلاف سخت محنت کررہی ہے اورآنے والے وقت میں اس پر قابو بھی پالیں گے، ملاقات میں آئی جی سندھ اور چیف انسٹرکٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے درمیان یادگاری شیلڈکا بھی تبادلہ کیا گیا، اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹی،اسٹبلشمنٹ،فنانس،ٹریننگ، سمیت دیگرپولیس افسران بھی موجود تھے