وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر بلخی کی ملاقات

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈبلیو ایچ اوکی ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی بحیرہ روم ڈاکٹر حنان بلخی (Dr Hanan Balkhy) نے ملاقات کی۔ملاقات میں صحت کی بہتر سہولتوں کے لئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر حنان بلخی نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈبلیو ایچ او ریجنل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر ڈاکٹر بلخی کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہیلتھ سیکٹر خصوصی طور پر عوام میں انفیکشن کنٹرول کے حوالے سے ڈاکٹر حنان بلخی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ اورعلاج کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مکمل تعاون اور معاونت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات اولین ترجیح ہے۔ دیہی عوام کیلئے 32 فیلڈ ہسپتالوں فنکشنل کر دیئے ہیں اور پانچ سال کے اندر ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آر ٹ ہسپتال بنا نے کا ہدف پورا کرینگے۔ ڈاکٹر حنان بلخی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں آباد افراد کو وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات ضروری ہیں۔ قدرتی آفات کی ہنگامی صورتحال میں صحت کی بروقت سہولیات فراہم کرنے میں ڈبلیو ایچ او تعاون فراہم کرے گا۔