دوران ڈکیتی شہری کا فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ڈکیت گرفتار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)‌ضلع ویسٹ پولیس نے دوران ڈکیتی شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ضلع ویسٹ کے مطابق ملزمان نے چار روز قبل مورخہ 30 اپریل 2024 کو سیکٹر ساڑھے گیارہ مہاجر چوک کے قریب واردات کے دوران مزاحمت پر شہری عبداللّٰہ ولد بہادر خان کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

واردات اور قتل کا مقدمہ الزام نمبر 198/2024 بجرم دفعہ 397/302/34 ت پ تھانہ پاکستان بازار میں درج ہے‌۔

ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لئے نہایت ہوشیاری سے اپنا ہیئر کٹ کروا کر چہرے کا حلیہ تبدیل کرلیا تھا۔

ایس ایس پی صاحب ضلع ویسٹ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او پاکستان بازار نے ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر کاروائی کرکے واردات کے مرکزی ملزم سجاد عرف پولارڈ عرف ولد شری ملک کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزم سے واردات کے دوران فائرنگ اور قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

ملزم نے دورانِ انٹروگیشن برآمدہ اسلحہ سے ہی فائرنگ اور قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے، برآمد اسلحہ فرانزک معائنے کے لئے بھیجا جائے گا۔

ملزم کے خلاف مزید سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم نے دورانِ انٹروگیشن مزید 6 سے زائد وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔

ملزم عادی جرائم پیشہ ور ہے اور قبل از بھی پولیس مقابلہ، ڈکیتی روبری اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے، فرار ساتھی ملزم کی تلاش جاری ہے۔