تربیتی پروگرام عملے کے ارکان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ضروری ہیں۔ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹیڈی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ۔سندھ اور بلوچستان کی فوڈ اتھارٹیز کے عملے کی فوڈ سیفٹی کے معیارات پر عمل درآمد کرانے کے لئے ان کی کارکردگی اور صلاحیتوں کے اعتراف کے سلسلے میں ایک مقامی ہوٹل میں یورپی یونین کے انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (ITC) کی جانب سے سندھ اور بلوچستان فوڈ اتھارٹیز کو سرٹیفکیٹ دینے کے لیے آئی ایس او 17025 کا تربیتی پروگرام مکمل کرنے والوں کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے تربیتی پروگرام مکمل کرنے والوں عارف شاہ کاکڑ ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر بلوچستان، ڈائریکٹر این سی ای اے سی سندھ یونیورسٹی جامشورو، پروفیسر ڈاکٹر سید طفیل حسین شاہ، مسز بے نظیر، ڈائریکٹر زراعت توسیع سندھ، ڈاکٹر ظہیر حسین شاہ اور دیگر میں اسناد تقسیم کیں۔ آغا فخر حسین نے لیبارٹری ٹیسٹنگ اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بین الاقوامی معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادارے کے عملے کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد ضروری ہوتا ہے ۔ انہوں نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے اور سندھ اور بلوچستان میں فوڈ سیفٹی کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے کے انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کے اقدامات کو بھی سراہا ۔