آذربائیجان اور تاجکستان کی معروف یونیورسٹیوں کے پروفیسرز کا سرسید یونیورسٹی کا دورہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) آذربائیجان کی باکو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر رکیب ایف آفندی اور تاجکستان اکیڈمی آف سائنسزکی فلکیاتی رصدگاہوں کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فیروزہ رحمت الوف نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور بعد ازاں سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل گفتگو کی اور دورانِ ملاقات دونوں اداروں کے تعلیمی و تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اختیارات اور مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹکچرپروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی، رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین ڈاکٹر عماد الحق، شعبہ ریاضی کی چیئرپرسن ڈاکٹر اسماء ظفر، چانسلر کے مشیر سراج خلجی، پروفیسر ڈاکٹر راشد کمال انصاری، ڈاکٹر انجیلا رحیم اور فوزیہ اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

باکو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر رکیب ایف آفندی نے اپنے تحقیقی کام سے متعلق ایک جامع پریزنٹیشن دی جبکہ ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے اپنی پریزنٹیشن میں سرسید یونیورسٹی کا مکمل تعارف پیش کیا۔

علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں تعاون کے لئے سرسید یونیورسٹی اور باکو یونیورسٹی آذربائیجان کے مابین پہلے ہی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوچکے ہیں۔۔

پروفیسر ڈاکٹر راشد کمال انصاری، پروفیسر ڈاکٹر رکیب ایف آفندی اور پروفیسر ڈاکٹر فیروزہ رحمت الوف ایک ورکنگ پیپر تیار کررہے ہیں تاکہ اس میٹنگ کے مقصد کو عملی شکل دینے کے لئے ایک لائیحہ عمل تیار کیا جائے اور اس پر کام شروع کیا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر رکیب ایف آفندی اور پروفیسر ڈاکٹر فیروزہ رحمت الوف نے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین کو سوونیئنر پیش کیا جس کے جواب میں سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انھیں جامعہ کا اعزازی نشان پیش کیا۔۔