کھارادر بینک ڈکیتی کا ڈراپ سین، بینک میں‌ رقم جمع کرانے والا ملازم ہی ماسٹر مائنڈ نکلا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) دو روز قبل کھارادر کے علاقے میں بینک کے باہر سے 50 لاکھ روپے ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا. بینک میں رقم جمع کرانے والا ملازم ہی ڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ نکلا.
کھارادر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے ماسٹر مائنڈ ملازم کو گرفتار کرلیا.
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ملزم کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے. ملزم نے اپنے دیگر 3 ساتھیوں کے ساتھ ملکر اس ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا. ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ حرکات کرتے ہوئے دیکھا گیا. اس وقوعہ کا مقدمہ تھانہ کھارادر میں درج ہوا تھا.
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ملزم کا ساتھی اسامہ موٹر سائیکل پر آیا اور اسلحہ لہراتے ہوئے ملزم سمیر سے پیسوں سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگیا.
ملزم کے دیگر 2 ساتھی معیز تنولی اور عاقب عرف گاڑی بیک اپ کے طور پر پیچھے کھڑے تھے.
ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے،دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے.