کراچی میں‌ ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، ملکی صورتحال کا جائزہ لیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں حق پرست اراکین اسمبلی کا پاکستان ہاؤس میں اجلاس ہوا.
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے اراکین سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، فیصل سبزواری اور سید امین الحق بھی شریک ہوئے.
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا.
اجلاس میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات کے حوالے سے سندھ حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ سے ہونے والی ملاقات کی تفصیل بھی بیان کی گئی.
اجلاس میں کراچی میں جاری کے فور سمیت وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور کراچی میں پانی، بجلی اور بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا.
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ہدایت کی کہ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوششیں کریں.
خالد مقبول نے کہا صوبائی اراکین اسمبلی سندھ کی سرکاری نوکریوں میں شہری سندھ کے کوٹے پر نظر رکھیں تاکہ قابل نوجوانوں کو اُنکے حق سے محروم نہ کیا جاسکے. ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص کے عوامی مسائل اسمبلی میں اُٹھائیں.