لاہور: منشیات سپلائی کرنے والا سب سے بڑا گینگ گرفتار،کروڑوں روپے کی منشیات برآمد

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) صوبائی دارالحکومت لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والا سب سے بڑا جارڈن گینگ گرفتار کرلیا گیا، کروڑ روپے کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جارڈن گینگ لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والا پُراسرار اور بااثر گینگ سمجھا جاتا ہے، میکسیکو اور دیگر ممالک سے منشیات سے بھری امپورٹڈ چاکلیٹ کوریئر سروسز کے ذریعے بیچی جا رہی تھی، ماری جوانا، آئس، چرس،افیون اور دیگر منشیات امپورٹڈ پیکنگ میں مہیا کی جاتی تھیں، جارڈن گینگ کے نام سے سرگرم عمل محمد ایوب پاکستان میں مختلف ذرائع سے منشیات سپلائی کر رہا تھا۔

جارڈن گینگ کے محمد علی، عزیز، محمد ندیم، ثمینہ افتخار، ثناء اور فاطمہ زہرہ کو گرفتار کر لیا گیا، سینٹرل ایشیاء، کینیڈا، میکسیکو اور دیگر ممالک سے چاکلیٹ، ٹافی وغیرہ کی شکل میں منشیات بھیجی جاتی تھی، ملزمان فیک آئی ڈی کے ذریعے پاکستان میں موجود سپلائر سے رابطہ کرکے منشیات مہیا کر رہے تھے۔

پنجاب پولیس نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر خصوصی آپریشن کیا، پولیس افسران نے آئی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا، ڈی ایچ اے فیز 6 میں جارڈن گینگ کے پانچ رکن اور 9 گن مین پکڑے گئے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس ٹیم کو سی ایم آفس بلوا کر شاباش دی، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس کو سراہا اور محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔