وزیر دفاع خواجہ آصف سے پاکستان میں فرانس کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو) وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک۔ فرانس دوطرفہ تعلقات باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر دفاع نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔