صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے چمبر آف کامرس کے نمائندوں سے رابط کیا جائے گا: جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت ایک اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی سیکریٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ ، ایم ڈی سائٹ غضنفر قادری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے صوبے بھر کے چمبر آف کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتیں شروع کی جائیں گی جبکہ انڈسٹریل اینڈ کامرس پالیسی پر بھی پیش رفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے صنعتی زونز کے مسائل کے حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے سائٹ کے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مذید کہا کہ نااہل اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کو فعال کیا جائے اور سائٹ کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے متعلقہ محکموں سے روابط بہتر کئے جائیں۔