کراچی انتظامیہ اور سندھ فوڈ اتھارٹی کراچی میں محفوظ اور صحت بخش خوراک کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے

کراچی۔ (ایچ آراین ڈبلیو) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ اتھارٹی آغا فخر حسین، کراچی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی میں خوراک کے معیار کو بلند کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے اتفاق کیا کہ کراچی کے عوام کو صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ کھانے پینے کے مراکز کے اچانک معائنے کئے جائیں گے اور فوڈ سیفٹی کے قوانین پر عملدرآمد کی عدم تعمیل پر جرمانے بھی ادا کیے جائیں گے اور فوڈ اتھارٹی کے اندر ایک ٹیکنیکل ٹیم قائم کی جائے تاکہ روابط کو بہتر کیا جائے۔ مزید برآں، سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کے اندر جگہیں مختص کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ سندھ کے عوام کو صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔