”حضرت سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس“ کا انعقاد

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام حضرت سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عرس مقدس کی مناسبت سے جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”حضرت سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ عشق رسول ﷺ اور اطاعت نبوی ﷺ کا ایک معیار ہیں۔ رسول پاک ﷺ نے سب سے پہلے پرچم اسلام حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ میں دیا تھا۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا پوری کائنات کے خزانے دے کر بھی مجھے ذات رسول ﷺ سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے چچا اور صحابی ہونے کے ساتھ ساتھ رسول اکرم ﷺ کے رضاعی بھائی بھی تھے۔ حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ رسول پاک ﷺ کے آگے کھڑے ہو کر دو تلواروں سے جہاد کرتے تھے۔ دربارِ مصطفی ﷺ سے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو سید الشہداء، افضل الشہداء اور خیر الشہداء کے القاب ملے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اسد اللہ اور اسد رسول ﷺ ہونے کا بھی شرف حاصل ہے۔ ناموس مصطفی ﷺ کا جانباز ہونا سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا یہ معمول مبارک تھا کہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہر جمعہ کو حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قبر پر حاضری دیتی تھیں اور وہاں نوافل ادا کرتیں تھیں۔ غزوات میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دلیرانہ شرکت اور غزوہء احد میں آپ کی شہادت نے یہ ثابت کر دیا کہ فضیلت کے دوسرے کاموں کی طرح اسلام کے لیے قربانی دینے میں بھی خاندان رسول ﷺ سرفہرست ہے۔ حضرت امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اسلام قبول کرنے سے اسلام کو تقویت ملی۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی چمکتی تلوار اور زورِ یلغار سے ہر طرف اسلام کی دھاک بیٹھ گئی۔ رسول اللہ ﷺ نے آپ کی شہادت پر آپ کو ”یَا کَاشِفَ الْکُرُبَاتْ“ یعنی اے مشکل کشا کے الفاظ سے یاد فرمایا۔ کانفرنس میں علامہ محمد ادریس جلالی، مفتی محمد فرید احمد ساسولی، علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، میاں محمد الیاس جلالی، الحاج منیر احمد بھٹی، حاجی محمد کتاب جان جلالی، حاجی محمد مظفر کیلانی، شیخ محمد افضل و دیگر نے شرکت کی۔