سازشی ٹولہ کہنے والے معافی مانگیں، کسی کے سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج ملک میں آئین عملا ختم ہوچکا ہے، حکومت بنے تو عوام کے ووٹ اور سپورٹ سے بنے، آئین میں ترمیم ہونی چاہیے لیکن شخصی بنیاد پر قانون سازی کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل کی پریس کانفرنس میں فارم سینتالیس کی طرح حقائق دیے گئے ہیں، ہم سازشی ٹولہ نہیں ہیں اس کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف 180 سیٹیں جیت چکی ہے اور ایوان میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت ہے لہذا 7 فیصد کی بات کی درست کرلیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے سازش نہیں کی بلکہ سازشیوں کو بے نقاب کرنے کیلیے تحریک چلا رہے، ہمیں سازشی ٹولہ نہ کہا جائے کیونکہ ہم آئین کی بالادستی کے لیے نکلے ہیں، ہم ملک کے وفادار رہیں گے کسی کے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں ہے، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ خان کو کس نے اغوا کیا، خان صاحب بارہا کہہ چکے ہیں ملک بھی ہمارا ہے فوج بھی ہماری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں دو ٹوک انداز میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کے ذریعے لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہوں، جس نے سازشی ٹولہ کہا وہ معافی مانگیں۔ بیرسٹر گوہر نے سوال کیا کہ اگر انتشار پیدا ہوگا تو کس کا فائدہ ہوگا؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئی ایم ایف کو کوئی ایسا خط نہیں لکھا کہ پاکستان کی امداد بند کرو۔