جامعہ کراچی میں سندھی شاگرد ست تنظیم کی غنڈہ گردی قابل مذمت ہے، اے پی ایم ایس او

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے انچارج حافظ شہریار خان نے گزشتہ روز جامعہ کراچی میں جئے سندھ کی لے پالک طلبہ تنظیم سندھی شاگرد ست کی جانب سے بلا اشتعال تشدد اور لاٹھی ڈنڈے کے آزادانہ استعمال سے اے پی ایم ایس او کے متعدد کارکنان اور طلبہ کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں حافظ شہریار نے کہا کہ سندھی شاگرد ست کے دہشتگردوں نے اے پی ایم ایس او کے اسٹال پر آکر پاکستان مخالف نعرے لگائے اور پاکستان کی سالمیت کیخلاف باتیں کیں جس پر انہیں روکا گیا تو وہ لاٹھی ڈنڈوں کے آزادانہ استعمال پر اتر آئے۔ حافظ شہریار خان نے شیخ الجامعہ سے مطالبہ کیا کہ ایسی لسانی جماعتیں جن کا ایجنڈا ملک دشمنی پر مبنی ہے ان پر پابندی لگائی جائے تاکہ جامعہ کا ماحول حصول علم کیلئے سازگار رہ سکے۔