جامعہ کراچی میں سیمینار بعنوان اسلامی معیشت کے قیام میں اسلامی مالیات کا کردار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ہمیں بنیادی اسلامی نظام کو سمجھنا ہوگا جس میں فلاحی نظام کی بنیاد ہے جس کے معاشی نظام میں غریبوں کی دیکھ بھال شامل ہے۔ اسلامی معاشی نظام کا بنیادی جز تمام افراد کو مساوی معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسلامی بینکنگ پر ہمیشہ سے سوالات رہے ہیں اگر ہم اسلام کے بنیادی اصول دیکھیں اور ان کو اپنالیں تو پاکستان ایک ترقی یافتہ ریاست بن جائے گا۔ میزان بینک کو اس سیمینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام اور میزان بینک لیمیٹڈکے اشتراک سے اپلائیڈاکنامکس ریسرچ سینٹر جامعہ کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی سیمینار بعنوان: ”اسلامی معیشت کے قیام میں اسلامی مالیات کا کردار“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینئرنائب صدر وگروپ ہیڈ میزان بینک لیمیٹڈ احمد علی صدیقی نے کہا کہ عالمی اسلامی مالیاتی صنعت نے حالیہ اسلامی فنانس ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023 کے مطابق 2022 میں اپنے اثاثوں کا حجم 11 فیصد بڑھا کر 4.5 ٹریلین ڈالر کر دیا ہے اور 2027 تک 6.7 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔اسلامک فنانس 50 سال پہلے شاید ہی موجود تھا لیکن آج یہ 4.5 ٹریلین کی صنعت ہے جس میں 80 سے زائد ممالک میں سینکڑوں خصوصی ادارے ہیں۔

ایگزیکیٹوڈائریکٹر اینڈ سی او اوای ایف یو لائف تکافل عظیم اقبال پیرانی نے کہا کہ صرف اسلامی بینک کھولنے اور تکافل کو فروغ دینے سے معیشت اسلامی نہیں ہوسکتی،جب تک ہرشعبہ ہائے زندگی میں اسلامی اصولوں پر عمل نہیں کیاجاتامعیشت اسلامی نہیں ہوسکتی۔ہم دوسروں سے اسلامی معیشت کی توقع جبکہ خود اسلامی اصولوں پر عمل پیراہونے سے قاصر اور خوداحتسابی کرنے کو تیارنہیں۔ہمیں جھوٹ،دھوکہ دہی،فریب اور دیگر غیر اسلامی اعمال سے گریز کرنا ہوگا اسی صورت معیشت کو اسلامی بنایاجاسکتاہے۔

رجسٹرار جامعہ کراچی و ماہرمعاشیات پروفیسرڈاکٹر عبدالوحید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شمار غذائی قلت اور بھوک کے شکارممالک میں ہوتاہے۔

سی ای اوالمیزان انویسٹمنٹ مینجمنٹ لیمیٹڈمحمد اسد نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی،ترقی اور استحکام کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔انہوں نے اسلامی بینکنگ میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور اس کے طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

سی ای اوفرسٹ حبیب مضاربہ محمد شعیب ابراہیم نے کہا کہ اسلامی بینکاری کے فروغ کے لئے نالج اور آگاہی کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ لوگوں کے ذہن میں اس حوالے سے جو ابہام پایاجاتاہے اس کو ختم کیاجاسکے اور اس طرح کے آگاہی سیمینار کا انعقاد اس کا بہترین ذریعہ ہے۔سیمینار کے اختتام پر ہیڈ آف میزان بینک لیمیٹڈ محمد فرحان الحق عثمانی نے اسلامی بینکنگ سے متعلق شرکاء کی جانب سے کئے جانے والے سوالات کے جوابات دیئے اور اسلامی بینکنگ سے متعلق آگاہی فراہم کی۔