ایم کیو ایم نے سابق رکن اسمبلی صداقت حسین کی رکنیت معطل کردی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے ڈسپلنری ایکشن لیتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی صداقت حُسین کی تنظیم کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ آج صبح اورنگی ٹاؤن کے اسکول میں پیش آنے والے واقع کی شفاف تحقیقات کیلئے مرکزی کمیٹی نے صداقت حُسین کی رکنیت معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نقل مافیا کے خلاف سب سے مضبوط آواز ہے اور اپنے کسی بھی کارکن، ذمہ دار یا رکن اسمبلی کو یہ اجازت نہیں دیتی کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بنے یا پھر سرکاری کام میں مداخلت کا باعث بنے۔ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے اسکول واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی فائنڈنگ سے بذریعہ میڈیا آگاہ کردیا جائے گا۔