سانگھڑ، ڈویژنل کمشنر شہید بینظیر آباد نے ٹنڈوآدم کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ

سانگھڑ (ایچ آراین ڈبلیو) ڈویژنل کمشنر شہید بینظیر آباد نے ٹنڈوآدم کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور تعلقہ ہسپتال میں ہیٹ ویو کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ ٹنڈو آدم میرپور خاص روڈ کا بھی معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر شہید بینظیر آباد سید محمد سجاد حیدر نے حکومت سندھ کی طرف سے صوبے میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کیلئے کیے گئے انتظامات کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ٹنڈوآدم شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا ۔ کمشنر نے سب سے پہلے تعلقہ ہسپتال ٹنڈوآدم پہنچ کر ہیٹ سٹروک وارڈ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا. اسکے علاوہ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں داخل مریضوں اور او پی ڈی میں آئے مریضوں کو ملنے والی سہولیات، ادویات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی. انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدید لہر سے محفوظ رہنے کے لئے شہری غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے کی صورت میں ہسپتال میں قائم ہیٹ اسٹروک سینٹر میں موجود ڈاکٹرز سے رابطہ کریں ۔اس کے بعد کمشنر نے ٹنڈوآدم سے میرپور خاص روڈ پر مرمتی کام کا جائزہ لیا. انہوں نے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ سڑک کے مرمتی کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کی جائےاور کام کے معیار اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔