ملکی تاریخ میں پہلی بار پیاز کی ایکسپورٹ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان سے پیاز کی برآمد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، تاریخ میں پھل اور سبزیوں میں کسی بھی پراڈکٹ کی برآمدات میں پیاز سب سے آگے نکل گئی۔ پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ وحید احمد کے مطابق جولائی سے اپریل 2024ء تک ملک سے پیاز کی برآمدات 210 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی، اس سے قبل ملکی تاریخ میں صرف کینو کی زیادہ برآمدات تھیں جو کہ 210 ملین ڈالر رہی ہیں، رواں برس کے اختتام تک پیاز کی ایکسپورٹ 250ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ وحید احمد نے بتایا کہ بھارتی پیاز کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد ہونے سے پاکستان کو نئی منڈیاں ملی ہیں، پاکستانی پیاز کو مشرق بعید، مشرق وسطی سمیت دنیا کی بڑی منڈیوں میں رسائی حاصل ہوئی ہے، دنیا کے سرفہرست اسٹورز میں بھی آج پاکستانی پیاز فروخت کے لیے موجود ہے۔ وحید احمد نے کہا کہ حکومت کو پیاز کی لائف بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ آنے والے وقتوں میں پاکستانی پیاز کی نئی مارکیٹ ڈیولیپ کر سکتے ہیں۔