لاپتا شہری کیس، وزارت دفاع کو ایجنسیوں سے رپورٹس لے کر پیش کرنے کا حکم

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) عدالت نے 2018 سے لاپتا شہری سمیت دیگر افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر وزارت دفاع کو تمام ایجنسیوں سے رپورٹس حاصل کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے لاپتا شہریوں کی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر منگھو پیر سے لاپتا شہری عبداللہ کے اہل خانہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وزارت دفاع کو تمام ایجنسیوں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے لاپتا شہریوں سے متعلق ایف آئی اے سے ٹریول ایجنسی کی رپورٹ حاصل کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے شہری عبداللہ کے کیس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن کو پیشرفت رپورٹس کے ساتھ طلب کر لیا اور سماعت 21 اگست تک ملتوی کر دی۔